نئی دہلی،15؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججوں کی سبکدوشی کے لیے طے شدہ عمر میں جلد ہی اس میں اضافہ ہونے کی امید ہے۔ بار کاؤنسل آف انڈیا نے سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے ججوں کی سبکدوشی کی عمر بالترتیب 65 اور 67 سال کرنے کے لیے آئین میں ترمیم کرنے کی وکالت کی ہے۔ فی الحال ہائی کورٹ کے جج 62 سال اور سپریم کورٹ کے جج 65 سال کی عمر میں سبکدوش ہوتے ہیں۔
دراصل بار کاؤنسل کے لیڈران ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں کی سبکدوشی کی عمر بڑھانے کا مطالبہ کافی دنوں سے کر رہے ہیں۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے بار کاؤنسل آف انڈیا (بی سی آئی) نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ سبھی ریاستوں کی بار کاؤنسل، ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن اور بار کاؤنسل آف انڈیا کے عہدیداران نے گزشتہ ہفتہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں کی سبکدوشی کی عمر بڑھانے کے بارے میں اس موضوع پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ اس پر وسیع غور و فکر کے بعد میٹنگ میں اتفاق رائے سے یہ فیصلہ لیا گیا کہ آئین میں فوری ترمیم ہونی چاہیے اور ہائی کورٹ کے ججوں کی سبکدوشی کی عمر 62 سال سے بڑھا کر 65 سال، اور سپریم کورٹ کے ججوں کی سبکدوشی کی عمر 65 سال سے بڑھا کر 67 سال کی جانی چاہیے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ میٹنگ میں پارلیمنٹ سے مختلف طرح کے عمل میں ترمیم پر غور کرنے کی سفارش کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔ ایسا اس لیے تاکہ تجربہ کار وکلاء کو مختلف کمیشنوں اور دیگر اسٹیج کا سربراہ مقرر کیا جا سکے۔ بی سی آئی سکریٹری شریمنتو سین نے یہ بیان 14 ستمبر کو جاری کیا جس میں یہ بھی کہا کہ ’’فیصلہ لیا گیا ہے کہ اس خط کی کاپی وزیر اعظم اور مرکزی وزارت برائے قانون و انصاف کو بھیجی جائے تاکہ تجویز پر فوری کارروائی کی جا سکے۔‘‘